بنگلورو23؍ستمبر(ایس او نیوز)برہت بنگلور مہانگر پالیکے نے شہر کے ٹاؤن ہال میں تقریبات کے اہتمام کیلئے نئی نظر ثانی شدہ شرحیں لاگو کی ہیں، یہ شرحیں 35 تا75 ہزار روپے یومیہ مقرر کی گئی ہیں۔ نئے تجدید شدہ ٹاؤن ہال میں ایر اگنڈیشن کے ساتھ اگر کوئی تقریب منعقد کی جائے گی تو اس کیلئے 75ہزار روپے لئے جائیں گے۔ اگر ایر کنڈیشن درکار نہیں ہے تو 60ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے، جبکہ رعایتی قیمت 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، اس کیلئے ایر کنڈیشن کی سہولت مہیا نہیں کی جائے گی۔ سرکاری امداد یافتہ اداروں ، معذورین کے اداروں ،سرکاری اور کارپوریشن کے پروگراموں ، محکمۂ کنڑا اینڈ کلچر ، درج فہرست طبقات کے اداروں اور انجمنوں کے فلاحی پروگراموں کو ہی 35 ہزار روپیوں میں ہال فراہم کیاجائے گا۔ ہال صبح 9 بجے سے رات دس بجے تک دیا جائے گا۔ ہال میں بی بی ایم پی کی طرف سے روشنیوں کا جو نیا انتظام کیاگیا ہے اس کے علاوہ خارجی روشنی کا انتظام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پروگرام کے دوران اگر کوئی گرڑبڑ ہوئی اور ہال یا اس کی تنصیبات کو کوئی نقصان پہنہچا تو اس کی بھرپائی منتظمین کو کرنی ہوگی۔ پروگرام منسوخی کی صورت میں اگر گیارہ دن قبل اطلاع دی جائے گی تو 25 فیصد کرایہ لوٹایا جائے گا، دس دن کے اندر اگر پروگرام منسوخ کیاگیا تو کوئی رقم لوٹائی نہیں جائے گی۔ٹاؤن ہال میں انتخابی مہم کے جلسوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ساتھ ہی جانوروں کی نمائش اور دیگر فحش پروگراموں کے اہتمام کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔ بی بی ایم پی کمشنر نے اس سلسلے میں احکامات صادر کئے ہیں۔